12 اگست 2014 - 14:29
نائب وزیر خارجہ: ایران مصر کی جانب سے اجازت نامے کا منتظر ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے کہا ہےکہ غزہ کے لئے غذائي اور طبی امداد کی ترسیل اور زخمی کے علاج کے لئے مصر کی جانب سے سہولتیں فراہم نہ کرنا قابل قبول نہیں ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے کہا ہےکہ غزہ کے لئے غذائي اور طبی امداد کی ترسیل اور زخمی کے علاج کے لئے مصر کی جانب سے سہولتیں فراہم نہ کرنا قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران غزہ کے مظلوم عوام کے لئے امداد بھیجنے اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے لئے مصر کی جانب سے اجازت نامے اور سہولتوں کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر نے ابھی تک ایرانی ایرلائين ایران ایر کی درخواست کا کوئي جواب نہیں دیا ہے۔ ایران نے درخواست کی ہے کہ غزہ کے عوام کی مدد کے لئے اس کے طیاروں کو قاہرہ یا اسماعیلیہ کے ایر پورٹ پر اترنے کی اجازت دی جائے۔ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ مصر کی جانب سے اس انسانی مسئلے میں تعلل سے کام لینا ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ادھر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف بھی دو مرتبہ اپنے مصری ہم منصب سے ٹیلیفوں پر گفتگو کرچکے ہیں لیکن مصر نے غزہ کے مظلوم عوام کے لئے مدد بھیجنے کے سلسلے میں ایران کی درخواست کا کوئي جواب نہيں دیا ہے۔ واضح رہے حال میں تہران میں ناوابستہ تحریک میں فلسطینی کمیٹی کے رکن ملکوں کا اجلاس ہوا تھا جس میں مصر کے وزیر خارجہ نے شرکت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ غزہ کے عوام کے لئے امداد کی ترسیل کے لئے سہولتیں فراہم کریں گے لیکن مصر کی جانب سے اس سلسلے مین کوئي عملی قدم نہیں اٹھایا گيا ہے۔ واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران تین ہفتوں سے غزہ کے لئے امداد روانہ کرنا اور غزہ کے زخمیوں کو ایران لاکر ان کا علاج کرنا چاہتا ہے لیکن مصر کی جانب سے اس سلسلے میں تعاون نہیں ہورہا ہے۔

.......

/169